واشنگٹن/نیویارک(نمائندہ خصوصی+ایجنسیاں)امریکا کی متعدد ریاستوں کو کئی برسوں کے سب سے شدید برفانی طوفان کا سامنا ہے، جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل نے کہا ہے کہ ریاست کو کئی برسوں کے بدترین اور ہڈیوں کو جما دینے والے موسمِ سرما کے طوفان کا سامنا ہے۔
واشنگٹن، نیویارک، ٹیکساس، اوکلاہوما، نیوجرسی سمیت درجنوں ریاستوں میں شدید برف باری، بارش اور سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔امریکی میڈیا کے مطابق نیویارک کے شہر واٹر ٹاؤن میں درجہ حرارت منفی 34 جبکہ کوپن ہیگن گاؤں میں منفی 49 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مختلف علاقوں میں 8 سے 18 انچ تک برف پڑنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، حکام نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔

برفانی طوفان کے باعث امریکا بھر میں 16 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، 8 لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہیں جبکہ 24 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ خون جماتی سردی کے باعث 40 ریاستوں کے 24 کروڑ سے زائد افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واشنگٹن میں پیر کے روز وفاقی دفاتر بند رہیں گے جبکہ نیویارک سٹی کے اسکولوں میں آن لائن کلاسز کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل نے میئر ظہران ممدانی کے ہمراہ پریس بریفنگ میں بتایا کہ نیویارک بھر میں انتہائی سخت اور خطرناک سردی پڑ رہی ہے، شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں۔

