انقرہ:ترکی کی تاریخ میں دوسری خاتون جنرل گلدن مات شاکر کا تقرر

ترک صدر کے فیصلے کے تحت گلدن مات شاکر کو بریگیڈیئر جنرل کے عہدے پر ترقی

انقرہ( نمائندہ خصوصی+ایجنسیاں) — ترکی کی جینڈرمیری فورس کی اعلیٰ افسر گلدن مات شاکر کو بریگیڈیئر جنرل (Tuğgeneral) کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔ صدر رجب طیب ایردوان کے فیصلے کے تحت ہونے والی اس اہم تقرری کے بعد گلدن مات شاکر ملک کی تاریخ میں جنرل کے رینک تک پہنچنے والی دوسری خاتون بن گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گلدن مات شاکر اس سے قبل صوبہ چانکری میں بطور جینڈرمیری کمانڈر خدمات انجام دے چکی ہیں، جہاں وہ اس عہدے پر تعینات ہونے والی پہلی خاتون افسر تھیں۔ عسکری حلقوں کی جانب سے ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور قیادت کو بھرپور سراہا گیا، جس کے نتیجے میں انہیں اعلیٰ فوجی رینک دیا گیا۔

دفاعی ماہرین اس تقرری کو ترک مسلح افواج میں خواتین کی شمولیت اور پیش رفت کی جانب ایک نمایاں سنگِ میل قرار دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ادارہ جاتی ترقی کا مظہر ہے اور یہ پیغام دیتا ہے کہ ترک فوج خواتین کو کلیدی عہدوں پر ذمہ داریاں دینے کیلئے سنجیدہ ہے۔

بریگیڈیئر جنرل گلدن مات شاکر نے جینڈرمیری جنرل کمان میں ایک اہم انتظامی عہدہ سنبھال لیا ہے اور ان کی موجودگی کو ترکی میں عسکری شعبے میں خواتین کی پیش رفت کی ایک طاقتور علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں