انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ کااختتام: محمد وسیم نے ٹائٹل کا دفاع کر لیا

لاہور (سپورٹس ڈیسک) چار روز جاری رہنے والی انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی، قومی باکسر محمد وسیم نے ڈبلیو بی اے گولڈ بینٹم ویٹ ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کر لیا۔ آخری روز ’فائٹ فار گلوری‘ میں محمد وسیم نے 12 راؤنڈز تک سخت مقابلے کے بعد تھائی باکسر جکراوت کو شکست دی۔

چیمپئن شپ میں 15 ممالک کے 44 باکسرز نے شرکت کی اور مجموعی طور پر 21 فائٹس ہوئیں۔ مقابلوں کو دیکھنے کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی موجود تھیں جبکہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاک آرمی اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خصوصی تحفظ فراہم کیا گیا۔

محمد وسیم نے کامیابی پر عوام، پاک آرمی اور حکومتِ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں 20 سے 23 نومبر تک غیر ملکی باکسرز پاکستان پہنچے تھے جن کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

چیمپئن شپ میں مختلف دنوں کے مقابلوں میں پاکستان سمیت جرمنی، برطانیہ، امریکا، ڈومینیکن ریپبلک، جنوبی کوریا، نائیجیریا، ارجنٹینا اور دیگر ممالک کے باکسرز نے حصہ لیا، جن میں متعدد کھلاڑی فتح یاب رہے۔ مختلف روز کی تقریب میں کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ، چیف سیکریٹری پنجاب اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

29 نومبر کے فائنل مقابلوں میں پاکستان، تھائی لینڈ، برطانیہ، مراکش، فرانس، میکسیکو اور امریکا کے باکسرز مدِ مقابل آئے، جبکہ سب سے اہم فائٹ میں پاکستانی فالکن محمد وسیم نے اپنا اعزاز برقرار رکھا۔