انٹیل کے سربراہ کا ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کرکے انہیں رضامند کرنے کا امکان

واشنگٹن(نامہ نگار) عالمی چِپ ساز کمپنی انٹیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر لیپ بُو تان آئندہ دنوں میں وائٹ ہاؤس کا دورہ کریں گے، جہاں وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کر کے اپنے استعفیٰ کے مطالبے پر پیدا شدہ کشیدگی کم کرنے اور خدشات دور کرنے کی کوشش کریں گے۔

ذرائع کے مطابق لیپ بُو تان ملاقات میں اپنے ذاتی و پیشہ ورانہ پس منظر کی وضاحت پیش کرینگے اور انٹیل کی مینوفیکچرنگ صلاحیتوں کو قومی سلامتی کیلئے ناگزیر قرار دے کر صدر کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

گزشتہ ہفتے صدر ٹرمپ نے تان کو “ہائیلی کنفلکٹڈ” شخص قرار دیتے ہوئے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کیا تھا۔ یہ مطالبہ ان کے مبینہ چینی تعلقات اور انٹیل کی کمزور کارکردگی کے پس منظر میں سامنے آیا، جو امریکی کاروباری حلقوں میں ایک غیر معمولی سیاسی مداخلت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ملاقات میں امریکی حکومت اور انٹیل کے درمیان ممکنہ تعاون پر بھی بات چیت متوقع ہے۔ رائٹرز نے دعویٰ کیا ہے کہ تان نے چین کی کئی ایڈوانسڈ مینوفیکچرنگ اور دفاعی صنعت سے منسلک کمپنیوں میں کروڑوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

لیپ بُو تان، جو ملائیشیا میں پیدا ہوئے اور بعد میں امریکی شہریت حاصل کی، اس سے قبل کیڈنس ڈیزائن کے سی ای او رہ چکے ہیں۔ ان کے دورِ قیادت میں کمپنی نے ایک چینی فوجی یونیورسٹی کو حساس چپ ڈیزائن سافٹ ویئر فروخت کیا تھا۔ گزشتہ ماہ کیڈنس نے امریکی الزامات کو تسلیم کرتے ہوئے 14 کروڑ ڈالر سے زائد جرمانہ ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں