کولمبو (اسپورٹس ڈیسک)بھارت نے بنگلادیش کو فائنل میں پینلٹی ککس پر شکست دے کر ساف انڈر 17 فٹبال چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔ پاکستان کے محمد عبداللّٰہ ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر قرار پائے۔
سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں کھیلے گئے ساف انڈر 17 فٹبال چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارت اور بنگلادیش کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔ مقررہ وقت میں میچ 2-2 گول سے برابر رہا، جس کے بعد فیصلہ پینلٹی ککس پر ہوا جہاں بھارت نے 1-4 سے کامیابی حاصل کی۔
پاکستانی کھلاڑی محمد عبداللّٰہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 6 گول اسکور کیے۔ ان کی بہترین کارکردگی پر انہیں ٹاپ اسکورر کا ایوارڈ دیا گیا۔
ایونٹ میں پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب رہی تاہم بنگلادیش کے خلاف شکست کے باعث فائنل تک رسائی حاصل نہ کر سکی۔

