اوٹاوا (نمائندہ خصوصی) — رکنِ پارلیمنٹ برامپٹن ساؤتھ سونیا سدھو نے کینیڈا اور انڈونیشیا کے درمیان نئے جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے (CEPA) کو کینیڈا کی تجارتی تنوع اور معاشی استحکام کی کوششوں میں ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے۔
یہ معاہدہ اوٹاوا میں وزیرِاعظم مارک کارنی اور انڈونیشین صدر پرابوو سبیانتو کی موجودگی میں طے پایا۔ یہ کینیڈا کا کسی آسیان (ASEAN) ملک کے ساتھ پہلا دوطرفہ تجارتی معاہدہ ہے، جو کینیڈا کی عالمی تجارت کے دائرے کو وسعت دینے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
سونیا سدھو نے اپنے بیان میں کہا”یہ کینیڈا کیلئےخوش آئند خبر ہے۔ جیسے جیسے عالمی تجارتی منظرنامہ بدل رہا ہے، CEPA ہمارے عزم کو ظاہر کرتا ہے کہ ہم ایسے نئے شراکت داریاں قائم کر رہے ہیں جو کینیڈین کارکنوں، کاروباروں اور پائیدار معاشی ترقی کیلئے راہیں ہموار کریں گی۔”
معاہدے کے تحت انڈونیشیا کو بھیجے جانے والے کینیڈین برآمدات کے 95 فیصد سے زائد سامان پر محصولات کم یا ختم کر دیے جائیں گے، جس سے صاف توانائی، زرعی خوراک، بنیادی ڈھانچے، قیمتی معدنیات اور مالیاتی خدمات کے شعبوں میں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
یہ معاہدہ 2026 میں نافذ العمل ہوگا، جس سے کینیڈین برآمد کنندگان کو دنیا کی تیزی سے ترقی کرتی معیشتوں میں سے ایک میں مسابقتی برتری حاصل ہوگی۔ گندم، پوٹاش، لکڑی اور سویا بین جیسے مصنوعات کم لاگت پر دستیاب ہوں گی، جبکہ دونوں ممالک کے صارفین اور کاروباروں کو زیادہ انتخاب اور مناسب قیمتوں کا فائدہ ملے گا۔
مزید برآں، ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ کینیڈا (EDC) اور انڈونیشیا انویسٹمنٹ اتھارٹی (INA) کے درمیان ایک نیا مارکیٹ لیڈر پارٹنرشپ معاہدہ بھی طے پایا ہے، جس کے تحت 82 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے تاکہ انڈونیشیا میں ترجیحی شعبوں میں کینیڈین برآمد کنندگان اور سرمایہ کاروں کی مدد کی جا سکے۔
سونیا سدھو نے مزید کہا”کینیڈا کا معاشی مستقبل ہوشمند اور دوراندیش شراکت داریوں پر منحصر ہے۔ یہ معاہدہ اس بات کی بہترین مثال ہے کہ ہم تجارت کو متنوع بنا رہے ہیں اور خوشحالی کے نئے راستے کھول رہے ہیں۔”
اس موقع پر کینیڈا اور انڈونیشیا نے ایک دفاعی تعاون کا معاہدہ بھی کیا، جس میں امن، بحری سلامتی، سائبر دفاع اور علاقائی استحکام کے شعبوں میں مشترکہ عزم کو مضبوط بنایا گیا — جو کینیڈا کی انڈو پیسیفک حکمتِ عملی کا کلیدی حصہ ہے۔
سونیا سدھو نے کہا کہ یہ تمام اقدامات اس وسیع تر پالیسی کی عکاسی کرتے ہیں جس کے ذریعے کینیڈا اندرونِ ملک اپنی معیشت کو مستحکم کرتے ہوئے بیرونِ ملک نئی راہیں استوار کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا”ایک بدلتی دنیا میں، کینیڈا قیادت کا مظاہرہ کر رہا ہے — ایسے تعلقات میں سرمایہ کاری کر کے جو ہماری معیشت اور برادریوں کے لیے حقیقی فوائد لاتے ہیں۔”
وزیرِاعظم مارک کارنی نے اپنے بیان میں کہا”کینیڈا اور انڈونیشیا مل کر بڑے اقتصادی مواقع پیدا کر رہے ہیں۔ ہمارا نیا تجارتی معاہدہ ہمارے کارکنوں اور کاروباروں کیلئے گیم چینجر ہے، جو نئی منڈیوں کے دروازے کھولے گااور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ بدلتے ہوئے عالمی حالات میں، کینیڈا کی نئی حکومت تعلقات کو متنوع اور مضبوط بنا رہی ہے تاکہ زیادہ خوشحالی، سلامتی اور اعلیٰ معیار کی ملازمتوں کو یقینی بنایا جا سکے۔”
بین الاقوامی تجارت کے وزیر منیندر سدھو نے کہا”کینیڈا۔انڈونیشیا CEPA، تجارتی تنوع کے ایجنڈے میں ایک مضبوط قدم ہے۔ یہ معاہدہ کینیڈین کاروباروں کیلئے جنوب مشرقی ایشیا کی نمایاں معیشت میں نئے مواقع کھولے گا، کینیڈینز کیلئےروزگار پیدا کریگا اور کینیڈا کی انڈو پیسیفک خطے میں موجودگی کو مزید وسعت دیگا۔”

