لندن(ایجنسیاں)برطانوی محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کی ہے کہ انگرڈ نامی طوفان اگلے ہفتے موسلادھار بارشوں اور تیز ہواؤں کے ساتھ تباہی مچا سکتا ہے۔ محکمہ کے مطابق طوفان کی ہواؤں کی رفتار 60 میل فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے، جس سے ریل لائن بند ہونے اور پبلک ٹرانسپورٹ پر بھی شدید اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
1865 میں تعمیر ہونے والے ٹیگن ماؤتھ گرینڈ پیئر کے بڑے حصے گزشتہ روز بارشوں اور تیز ہواؤں کی وجہ سے شدید متاثر ہوئے، جس پر ٹیگن ماؤتھ کے میئر کونسلر کیٹ ولیمز نے افسوس اور تشویش کا اظہار کیا۔
پیش گوئی کے مطابق ہفتے کے اختتام تک جنوب مغربی انگلینڈ، ویلز، اسکاٹ لینڈ اور شمالی آئرلینڈ کے بعض علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں، جس کیلئے ییلو وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔ سمرسیٹ، ڈیون، کارن وال، ساؤتھ ویلز، شمالی آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے بیشتر حصوں کیلئےمختلف الرٹس بھی جاری کیے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغرب میں 20 سے 40 ملی میٹر بارش ہونے کی توقع ہے جبکہ بعض مقامات پر یہ مقدار 50 ملی میٹر تک پہنچ سکتی ہے۔ میٹ آفس نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ سیلابی صورتحال کے دوران محتاط رویہ اختیار کریں۔

