وینکوور (سی بی سی نیوز/اے ایف پی)کینیڈا میں اورنج شرٹ ڈے کے موقع پر بڑی کمپنیوں نے مقامی (Indigenous) فنکاروں اور ڈیزائنرز کے ساتھ اشتراک کیا ہے تاکہ رہائشی اسکولوں کے متاثرین اور زندہ بچ جانے والوں کی یاد کو اجاگر کیا جا سکے۔ فنکاروں نے کہا کہ یہ دن یادگار ہی نہیں بلکہ عمل کا تقاضا کرتا ہے۔
ہر سال 30 ستمبر کو کینیڈا بھر میں اورنج شرٹ ڈے منایا جاتا ہے، جس کا مقصد رہائشی اسکولوں میں ہونے والے مظالم کو یاد رکھنا اور ان سے متاثرہ افراد کی جدوجہد کو تسلیم کرنا ہے۔
اس سال متعدد بڑی کمپنیاں مقامی فنکاروں کے ساتھ مل کر خصوصی ڈیزائن کردہ شرٹس اور مصنوعات متعارف کروا رہی ہیں۔ وینکوور اور ٹورنٹو سمیت کئی شہروں میں یہ مہم چلائی جا رہی ہے۔
مقامی فنکاروں کا کہنا ہے کہ یہ موقع صرف یادگاری تقریبات تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس سے نظامی تبدیلی اور ری کنسیلی ایشن کی راہ ہموار ہونی چاہیے۔ ایک فنکار نے کہا: “یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ زندہ بچ جانے والوں کے دکھ اور قربانیوں کو فراموش نہ کریں، بلکہ مستقبل کیلئےعملی اقدامات کریں۔”
کمپنیوں نے وعدہ کیا ہے کہ ان مصنوعات سے حاصل ہونے والی آمدنی کا ایک بڑا حصہ مقامی کمیونٹی پروگراموں اور تعلیمی فنڈز میں دیا جائے گا۔اورنج شرٹ ڈے کی ابتدا فِلس ویبسٹیڈ نامی ایک خاتون کی کہانی سے جڑی ہے جنہیں بچپن میں رہائشی اسکول میں داخل ہوتے وقت ان کی نئی اورنج شرٹ چھین لی گئی تھی۔ اب یہ شرٹ ناانصافی کی علامت اور یاد دہانی بن چکی ہے۔

