اورکزئی: بھارتی اسپانسرڈ 19 خوارج ہلاک، لیفٹیننٹ کرنل اور میجر سمیت 11 جوان شہید

راولپنڈی( آئی ایس پی آر)خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل اور میجر سمیت 11 پاک فوج کے بہادر جوان شہید ہوگئے جبکہ کارروائی میں 19 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی شب ضلع اورکزئی میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر کارروائی کی گئی۔ اس دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کے 19 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

شدید فائرنگ کے تبادلے میں ضلع راولپنڈی کے رہائشی 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف اور 33 سالہ میجر طیب راحت بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔ دیگر 9 بہادر سپاہیوں میں ضلع خیبر کے نائیک صوبیدار اعظم گل، ضلع کرم کے نائیک عادل حسین، ضلع ٹانک کے نائیک گل عامر، ضلع مردان کے لانس نائیک شیر خان، ضلع مانسہرہ کے لانس نائک تالش فراز، ضلع کرم کے لانس نائک ارشد حسین، ضلع مالاکنڈ کے سپاہی طفیل خان، ضلع صوابی کے سپاہی عاقب علی اور ضلع ٹانک کے سپاہی محمد زاہد شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں باقی بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ختم کرنے کے لیے کلیننگ آپریشن جاری ہے، اور پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو مٹانے کے عزم پر قائم ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز علی بگٹی اور گورنر پنجاب سلیم حیدر نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بہادروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور بھارت حمایت یافتہ دہشت گردوں کے شیطانی منصوبے ناکام بنائے جائیں گے۔

خیبرپختونخوا میں بھارتی اسپانسرڈ فتنۃ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے تابڑ توڑ آپریشن جاری ہیں۔ اس سے قبل ضلع کرک، شمالی وزیرستان، مہمند اور بنوں میں آپریشنز کے دوران بھی متعدد بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں