اولمپئن ارشد ندیم کے کوچ فیاض بخاری کا حکومت کو خط

لاہور(سپورٹس ڈیسک)اولمپئن ارشد ندیم کے کوچ فیاض بخاری نے حکومت پاکستان سے اپنا نام سول ایوارڈ کیلئے زیر غور لانے کی درخواست کردی۔

اولمپین ارشد ندیم کے کوچ فیاض بخاری نے حکومت پاکستان کو ارشد ندیم کے ساتھ اپنی خدمات کے حوالے سے خط لکھا۔خط میں انہوں نے بطور کوچ اپنی کامیابیوں کا ذکر کیا اور حکومتی سطح پر اپنی خدمات کا اعتراف نہ ہونے کا بھی شکوہ کیا۔

انہوں نے ارشد ندیم کے ساتھ اپنی کوچنگ کی تفصیلات تحریر کرتے ہوئے حکومت سے درخواست کی ہے کہ ان کی خدمات کا مناسب اعتراف کیا جائے۔

اولمپئن ارشد ندیم کے کوچ نے مطالبہ کیا کہ پاکستان اتھلیٹکس اور ارشد ندیم کی کامیابیوں میں میرے کردار کا جائزہ لے اور سول ایوارڈ کیلئے زیر غور لایا جائے۔

خط میں ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس وقت بھی جیولن تھرو کوچ کے طور پر خدمات فراہم کر رہے ہیں اور ارشد ندیم کے بعد یاسر سلطان کو بھی عالمی مقابلوں کیلئے تیار کیا ہے۔

واضح رہے کہ پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلے میں پاکستان کے ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھرو کرتے ہوئے پاکستان کو 40 سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل جتوایا تھا۔

بعد ازاں، ارشد ندیم کے سابق کوچ سید فیاض بخاری نے کہا تھا کہ ارشد ندیم 92.97 میٹر سے بھی لمبی تھرو کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں