اونٹاریو کےالیکشن میں 34 پاکستانی نژاد امیدواروں نے حصہ لیا

اونٹاریو (نمایندہ خصوصی)صوبہ اونٹاریو کےالیکشن میں 34 پاکستانی نژاد امیدوارمیدان میں اترے تھے۔ان 34 پاکستانی نژاد امیدواروں میں سے صرف ایک امیدوار ذیشان حامد نے فتح کامزاچکھا ہے.ذیشان حامد نے ملٹن شہر سے پروگریسیو کنزرویٹو پارٹی کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے اور 20 ہزار ووٹ حاصل کر کے دوسری بار صوبائی اسمبلی میں پہنچے ہیں۔

مسی ساگا ایرن ملز کے حلقے میں امیدوار قیصر ڈارنے صرف 20 ووٹوں سے شکست کھائی. اسکاربورو سینٹر سے مظہر شفیق 524 ووٹوں سے شکست سے ہمکنار ہوئے، اسی طرح مسی ساگا سینٹر سے سمیرا ملک 2 ہزار ووٹوں سے ہار گئیں، پکرنگ ایکسبرج سے ابراہیم دانیال 38 سو ووٹوں سے ہار گئے۔

ان کے علاوہ کئی پاکستانی امیدواروں نے کم ووٹ لے کر اسی حلقے سے دوسرے مضبوط پاکستانی نژاد امیدواروں کے ووٹ تقسیم ہونے کی وجہ سے جیتنے نہیں دیا اور آپس کی مقابلے بازی کی وجہ سے دوسرے امیدوار کامیاب ہو گئے۔

اونٹاریو الیکشن میں پروگریسو کنزرویٹو پارٹی نے مسلسل تیسری بار کامیابی حاصل کی اور ڈگ فورڈ ایک بار پھر صوبے کے پریمیئر بن گئے۔اونٹاریو لبرل پارٹی کی لیڈر بونی کرومبی اپنی نشست بھی نہیں بچا سکیں تاہم اُن کی پارٹی کو پارلیمانی اسٹیٹس واپس مل گیا۔اونٹاریو این ڈی پی کا صوبے میں آفیشل اپوزیشن پارٹی کا درجہ برقرار رہا۔

الیکشن نتائج کے مطابق پروگریسیو پارٹی کو 80، این ڈی پی کو 27، اونٹاریو لبرل پارٹی کو 14 اور گرین پارٹی کو 2 سیٹیں ملی ہیں جبکہ ایک آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں