اوٹاوا:امریکہ کی کینیڈا کی سیاست میں مداخلت کی خبروں کی تردید

اوٹاوا(نمائندہ خصوصی)امریکا کے سفیر پیٹ ہوکسترا نے اس تاثر کو مسترد کردیا ہے کہ نئی امریکی قومی سلامتی حکمتِ عملی کے تحت امریکا کینیڈا کی داخلی سیاست میں کسی طور مداخلت کرے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا کینیڈا میں کسی سیاسی جماعت یا گروہ کی حمایت نہیں کرے گا۔

انٹرویو میں پیٹ ہوکسترا نے الٹا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اونٹاریو حکومت نے امریکی ٹی وی چینلز پر سابق امریکی صدر رونالڈ ریگن کے ٹیرف سے متعلق کلپ چلا کر خود سیاسی مداخلت کی مثال قائم کی۔

اس کے باوجود ناقدین کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی پالیسی میں استعمال کی گئی وسیع اور مبہم زبان سے یہ تاثر ابھرتا ہے کہ امریکا اُن سیاسی جماعتوں یا تحریکوں کی پشت پناہی کر سکتا ہے جو موجودہ امریکی پالیسیوں سے ہم آہنگ ہوں۔

سابق کینیڈین سفارتکار آرتھر ولچنزکی نے کہا کہ اس حکمتِ عملی سے ممکن ہے کہ امریکا کینیڈا میں ڈونلڈ ٹرمپ کی ’مگا موومنٹ‘ سے قریبی سیاسی عناصر کی حمایت کرے، اور یہ بات تشویش کا باعث ہے کہ سفیر نے مکمل طور پر اس امکان کو رد نہیں کیا۔