اوٹاوا:کارنی حکومت نے بجٹ پر ہونیوالا اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا

اوٹاوا(نمائندہ خصوصی)کینیڈا کی لبرل حکومت نے اپنے بجٹ پر ہونے والا اہم اعتماد کا ووٹ 170 کے مقابلے میں 168 سے جیت لیا۔ایوان زیریں میں بجٹ کی منظوری کیلئے ہونے والی ووٹنگ میں دو این ڈی پی اور دو کنزرویٹو اراکین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

گرین پارٹی کی لیڈر الزبتھ مے نے بھی بجٹ کے حق میں ووٹ دیا، انہوں نے فیصلہ اس وقت کیا جب وزیراعظم نے سوال و جواب کے سیشن کے دوران پیرس کلائمٹ اہداف پورے کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

بجٹ ووٹ کو روایتی طور پر اعتماد کا ووٹ سمجھا جاتا ہے، اسلئےحکومت کو قبل از وقت انتخابات سے بچنے کیلئے یہ کامیابی درکار تھی۔مارک کارنی نے ووٹنگ سے قبل ایوان میں داخل ہوتے ہوئے کہا کہ”صورتحال کافی اچھی لگ رہی ہے”۔

کارنی حکومت کے پہلے بجٹ میں تجارتی جنگ کے معاشی اثرات سے نمٹنے کیلئےاربوں ڈالر کے اضافی اخراجات شامل ہیں، جبکہ سرکاری محکموں میں کٹوتیوں کے ذریعے اربوں ڈالر کی بچت کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔