اوٹاوا:کینیڈا کا سب سے زیادہ آبادی والا صوبہ اونٹاریو 27 فروری کو ووٹ دیگا

اوٹاوا(نمائندہ خصوصی)وزیرِاعلیٰ ڈگ فورڈ کے دفتر نے تصدیق کی ہےکہ کینیڈا کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے اونٹاریو کی اسمبلی منگل کو تحلیل کر دی گئی ہے، اور 27 فروری کو نئے صوبائی انتخابات ہوں گے۔

فورڈ نے گزشتہ ہفتے قبل از وقت انتخابات کرانے کا عندیہ دیا تھا ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ممکنہ ٹیرف کے خطرے سے نمٹنے کیلئےمضبوط عوامی مینڈیٹ ضروری ہے۔

اونٹاریو کے لیفٹیننٹ گورنر نے اسمبلی تحلیل کرنے کی ڈگ فورڈ کی درخواست قبول کر لی ہے، وزیرِاعلیٰ کے دفتر کے مطابق قبل ازیں انتخابات جون 2026 میں ہونے تھے۔

ڈگ فورڈ اپنی دائیں بازو کی جھکاؤ رکھنے والی پروگریسو کنزرویٹو پارٹی کیلئے مسلسل تیسری بار اکثریتی مینڈیٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اس سے قبل وہ 2018 اور 2022 کے انتخابات میں شاندار کامیابیاں حاصل کر چکے ہیں۔

اونٹاریو، جو کینیڈا کی 4 کروڑ آبادی کا تقریباً 40% حصہ رکھتا ہے، ملک کا صنعتی مرکز ہے۔ اگر ڈونلڈ ٹرمپ نے تمام کینیڈین درآمدات پر 25% ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی پر عمل کیا تو صوبہ شدید معاشی نقصان کا شکار ہو سکتا ہے۔یہ صوبہ دنیا کے سب سے بڑے خودمختار قرض لینے والوں میں شمار ہوتا ہے۔

اونٹاریو کے وزیرِاعلیٰ ڈگ فورڈ کا بیان: “کینیڈا برائے فروخت نہیں”
اونٹاریو کے وزیرِاعلیٰ ڈگ فورڈ نے 15 جنوری 2025 کو اوٹاوا میں صوبائی و علاقائی رہنماؤں کی ملاقات کے دوران صحافیوں سے گفتگو کی۔ فورڈ نے “Canada is not for sale” (کینیڈا برائے فروخت نہیں) تحریر شدہ ٹوپی پہن رکھی تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں