اوٹاوا(نامہ نگار) اوٹاوا شہر نے اس سال ساحلوں پر نگرانی کا موسم بڑھانے کا منصوبہ بنایا تھا، مگر تربیت یافتہ محافظوں (لائف گارڈز) کی کمی کے باعث یہ ممکن نہ ہو سکا۔شہری محکمے کے نگران ڈین شینیئر نے ایک اطلاع میں کہا کہ بجٹ میں اضافی رقم مختص ہونے اور کئی حل تلاش کرنے کے باوجود 24 اگست کے بعد ساحلوں پر نگرانی جاری رکھنا ممکن نہیں ہوگا۔
اطلاع کے مطابق نگرانی کے لیے کم از کم 55 سے 60 تربیت یافتہ محافظ درکار ہیں، لیکن یہ تعداد دستیاب نہیں ہو سکی۔ شہر کی خواہش تھی کہ ساحلی نگرانی کو یکم ستمبر تک بڑھایا جائے، تاہم فرانسیسی تعلیمی اداروں میں کلاسوں کے جلد آغاز اور “لیبر ڈے” ویک اینڈ کے دوران زیادہ تر محافظ دستیاب نہیں تھے۔
شہر نے اعلان کیا ہے کہ 24 اگست کے بعد ساحلوں پر نمایاں نشانات اور بورڈز نصب کیے جائیں گے تاکہ عوام کو آگاہ کیا جا سکے کہ وہاں لائف گارڈ موجود نہیں ہوں گے۔ تاہم مونی بے، برٹانیا اور پیٹری جزیرہ کے پویلین کے غسل خانے کھلے رہیں گے۔
ادھر شہر نے شہری سہولتوں کیلئے سوئمنگ تالابوں کا سیزن بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ جنرل برنز تالاب، جو مرمت کے باعث کئی ہفتے بند رہا، اب 9 ستمبر سے 3 اکتوبر تک کھلا رہے گا۔ اضافی بجٹ کے تحت کریسٹ ویو اور گلین کیرن کے تالاب بھی 14 ستمبر تک محدود اوقات میں کھلے رہیں گے۔

