اٹلی: میلان میں سکھ فار جسٹس کا بھارتی قونصل خانے کے سامنے احتجاج

میلان(ایجنسیاں)سکھ تنظیم سکھ فار جسٹس نے دنیا بھر میں بھارتی سفارت خانوں اور قونصل خانوں کے سامنے احتجاجی مظاہروں کی کال دی، جس کے تحت اٹلی کے شہر میلان میں بھارتی قونصل خانے کے سامنے بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرے میں ہردیپ سنگھ نجر اور عثمان ہادی کے قتل کے خلاف آواز بلند کی گئی۔ مظاہرہ سکھس فار جسٹس کے جنرل کونسل گرپتونت سنگھ پنوں کی قیادت میں ہوا، اور شدید بارش کے باوجود خالصتان کے حامیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے گرپال سنگھ نے اطالوی زبان میں کہا کہ یہ احتجاج عثمان ہادی اور ہردیپ سنگھ نجر کے قتل پر عالمی توجہ مبذول کرانے کے لیے ہے، جو بھارتی حکومت خصوصاً مودی حکومت کے دور میں ہونے والی مبینہ ٹارگٹ کلنگز کا حصہ ہیں۔

مظاہرین نے خالصتان کے حق میں نعرے لگائے اور بھارت پر بیرونِ ملک بھی ریاستی دہشت گردی برآمد کرنے کے الزامات عائد کیے۔ شرکاء نے ’’انڈیا آؤٹ آف بنگلہ دیش‘‘ اور دیگر نعرے بھی لگائے۔

آخر میں سکھس فار جسٹس نے مظاہرے میں شریک افراد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس احتجاج کا مقصد عالمی برادری کو ان واقعات سے آگاہ کرنا اور بھارت کے مبینہ اقدامات کو بے نقاب کرنا ہے۔