اٹلی نے آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2026 کیلئے کوالیفائی کر کے تاریخ رقم کر دی

روم/ایمسٹرڈیم (کرک انفو/ سپورٹس ڈیسک)یورپ میں کرکٹ کے بڑھتے رجحان کا عملی مظاہرہ سامنے آ گیا۔ اٹلی نے آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2026 کیلئےپہلی بار کوالیفائی کر کے تاریخ رقم کر دی جبکہ نیدرلینڈز نے بھی کامیابی حاصل کر کے ورلڈکپ میں جگہ پکی کر لی۔

کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق یورپ ریجنل ٹی20 ورلڈکپ کوالیفائر کے فائنل راؤنڈ میں اٹلی نے نیدرلینڈز کے خلاف شکست کے باوجود بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر اگلے سال بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

یہ اٹلی کی کرکٹ تاریخ کا ایک یادگار لمحہ ہے، کیونکہ یہ پہلا موقع ہو گا جب اٹلی کسی بھی سینئر آئی سی سی ورلڈکپ میں شرکت کرے گا۔ نیدرلینڈز نے فائنل میں اٹلی کو شکست دے کر 135 رنز کا ہدف با آسانی حاصل کیا اور کوالیفائی کرنے والی دوسری یورپی ٹیم بن گئی۔

اسکاٹ لینڈ، جو گزشتہ چار ایڈیشنز میں ٹی20 ورلڈکپ کا مستقل حصہ رہا ہے، اس بار کوالیفائی کرنے میں ناکام رہا۔ اسکاٹ لینڈ کو جرسی کے خلاف آخری گیند پر شکست کا سامنا کرنا پڑا، جب کہ جرسی نے اگرچہ ایک وکٹ سے میچ جیت لیا، لیکن نیٹ رن ریٹ میں کمی کے باعث وہ بھی ورلڈکپ کی دوڑ سے باہر ہو گیا۔

یورپ کوالیفائر میں اٹلی اور جرسی دونوں نے پانچ، پانچ پوائنٹس حاصل کیے، تاہم نیٹ رن ریٹ میں برتری کی بنیاد پر اٹلی نے 2026 ٹی20 ورلڈکپ میں جگہ حاصل کر لی۔

واضح رہے کہ مردوں کے ٹی20 ورلڈکپ 2026 کیلئےاب تک 15 ٹیمیں کوالیفائی کر چکی ہیں۔ آئندہ چند ہفتوں میں ایسٹ ایشیا پیسیفک ریجن سے مزید 3 اور افریقہ ریجن سے 2 ٹیمیں کوالیفائی کریں گی، جس کے بعد مکمل 20 ٹیموں کی فہرست مرتب کی جائے گی۔اٹلی کی اس کامیابی کو یورپ میں کرکٹ کے پھیلاؤ اور ابھرتی ہوئی ٹیموں کیلئے ایک نئی امید کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں