اپنی فضائی حدود ایران پر حملے کیلئے استعمال نہیں ہونے دینگے:امارات کا پالیسی پیغام

ابوظبی ( غیر ملکی میڈیا) متحدہ عرب امارات نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنی فضائی حدود ایران پر کسی بھی حملے کیلئے استعمال نہیں ہونے دے گا۔اماراتی وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون ریم الہاشمی نے پریس بریفنگ کے دوران پالیسی بیان دیتے ہوئے کہا کہ ایران کا بیلسٹک میزائل پروگرام خطے کے لیے خطرہ ہے، تاہم کسی بھی تنازع کا فوجی حل ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشیدگی پورے خطے کو نقصان پہنچائے گی جبکہ امارات کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایرانی حملوں کے بعد تہران میں اماراتی سفارتخانہ بند کرکے سفیر کو واپس بلا لیا گیا ہے۔دریں اثنا اماراتی عسکری حکام نے کہا ہے کہ ملک حالتِ جنگ میں ہے۔ ابوظبی میں وزارتِ دفاع کے ترجمان نے کہا کہ اماراتی مسلح افواج مکمل جنگی تیاری کی حالت میں ہیں اور خودمختاری و سلامتی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔میجر جنرل عبدالناصر الحمیدی کا کہنا تھا کہ سنائی دینے والی آوازیں میزائلوں کو فضا میں ناکارہ بنانے کی کارروائی کا نتیجہ تھیں۔