اکشے کمار، ٹوئنکل کھنہ کی کار غیر معمولی حادثے کا شکار

ممبئی(ایجنسیاں)بھارتی اداکار اکشے کمار اور اُن کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ پیر کی شام ممبئی واپس آتے ہوئے غیر معمولی حادثے کا شکار ہوگئے۔میڈیا کے مطابق وہ ایئرپورٹ سے گھر جا رہے تھے کہ ایک تیز رفتار مرسڈیز کی ٹکر سے ایک آٹو رکشہ بے قابو ہوکر پہلے اکشے کمار کے سیکیورٹی قافلے سے ٹکرایا اور پھر ان کی گاڑی سے جا لگا۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے دوران ہر طرف افراتفری پھیل گئی اور خوف کا ماحول پیدا ہوگیا۔ حادثے میں آٹو رکشہ اور اس میں سوار افراد کچھ دیر کے لیے گاڑی کے نیچے دب گئے، تاہم اکشے کمار اور ان کے عملے نے فوری مدد فراہم کر کے سب کو محفوظ باہر نکالا۔

حادثہ ممبئی کے جوہو علاقے کے قریب پیش آیا، اور خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ یاد رہے کہ اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ اپنی 25 ویں سالگرہ منانے کیلئےبیرون ملک گئے تھے اور واپسی پر یہ واقعہ پیش آیا۔