سرائے عالمگیر میں قتل ہونے والے نوجوان خرم شبیر کے بوڑھے والدین اور فیملی نے پیرس میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں سینکڑوں اوورسیز پاکستانیوں نے شرکت کی۔ مقتول خرم شبیر کے بوڑھے والدین نے کہا کہ وزیراعلٰی مریم نواز ہمیں انصاف دلائیں ، اور ہمارے اکلوتے بیٹے کے قاتل کو عبرتناک سزا دلوائیں اور رشوت لیکر مقتول بیٹے کا کیس خراب کرنے والے پولیس افسران کو نوکریوں سے فارغ کیا جائے .مظاہرین نے خرم شبیر کو انصاف دو ،مقتول خاندان کو انصاف دو لکھے ہوئے بینرزاٹھارکھے تھے.
مظاہرین کا کہنا تھا کہ پولیس کی تین تفتیشی ٹیموں نے پیسے لیکر قاتل کوبے گناہ گار قراردیا۔ قتل کے ڈیڑھ سال کے بعد چوتھی انکوائری میں ڈی ایس پی نے پہلے مدعی پارٹی اور گواہوں کو ڈرایا دھمکایا اور پھر اور حقائق کے برعکس اُلٹا مدعی پارٹی کے خلاف رپورٹ لکھ کر مقتول خرم شبیر کا کیس خراب کرنے کی گھناؤنی سازش کی۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ قاتل اور کیس خراب کرنے والے پولیس افسران کے خلاف سخت کاروائی کی جائے اور انہیں عبرت کا نشانہ بنایا جائے ، مقتول خرم شبیر کے والدین کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں انصاف نہ ملا تو ہم فرانس سمیت یورپ بھر میں پاکستانی سفارتخانوں کے سامنے مظاہرے کریں گے۔