لاہور(نمائندہ خصوصی)نجی ایئر لائن ایئرسیال نے حالیہ دنوں میں تکنیکی خرابیوں اور تاخیر کے باعث کئی پروازیں متاثر ہونے کی تصدیق کی ہے، جس سے نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک بھی مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ایئرسیال نے پہلے ہی ایک رسمی بیان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا کہ ویٹ لیز پر لیے گئے وائڈ باڈی طیارے میں مسائل کی وجہ سے لاہور، دبئی اور جدہ کی پروازیں گزشتہ چند روز کے دوران متاثر ہوئیں۔
مقامی ذرائع اور سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئرسیال نے چار دن سے عمرہ زائرین کو لاہور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر محصور کر دیا، جہاں بزرگ، خواتین اور بچے شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ 19 دسمبر کو پرواز PF716 کے مسافر ائیرپورٹ پہنچے تو ان کی پرواز منسوخ کر دی گئی جبکہ 21 دسمبر کو PF726 کے ٹکٹ جاری کیے گئے، اسے بھی منسوخ کر دیا گیا۔ متاثرہ مسافروں کا کہنا ہے کہ ایئرلائن انتظامیہ سے رابطہ اور معلومات نہ ہونے کی وجہ سے صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے۔
بلوم پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جدہ میں بھی ایئرسیال کے عمرہ مسافر تین دن تک پھنسے رہے، جہاں انہیں مناسب رہائش، معلومات یا تعاون فراہم نہیں کیا گیا، اور کئی خاندانوں نے کہا کہ وہ ضروریات زندگی کے اخراجات برداشت کرنے سے عاجز ہو گئے ہیں۔
ایئرسیال کی جانب سے تکنیکی وجوہات اور طیارے کے تاخیر کا جواز پیش کیا گیا ہے، جبکہ ایوی ایشن حکام نے مسافروں کو بار بار اپنے فلائٹ اسٹیٹس چیک کرنے اور ایئرلائن سے رابطہ رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ اب تک ایئرلائن یا متعلقہ حکام کی جانب سے عمرہ زائرین کے معاملے پر کوئی سرکاری مفصل وضاحتی بیان جاری نہیں ہوا، اور متاثرہ مسافروں نے ایوی ایشن حکام سے فوری مداخلت اور واپسی کے انتظامات کا مطالبہ کیا ہے۔

