ایئر کینیڈا ہڑتال: بی سی میں کینسر کے علاج اور طبی سامان کی ترسیل متاثر ہونے کا خدشہ

برٹش کولمبیا(نامہ نگار)ایئر کینیڈا کے فضائی بحران نے نئے خدشات کو جنم دے دیا ہے، کیونکہ بی سی کی وزارتِ صحت نے وارننگ دی ہے کہ اگر ہڑتال طویل ہوئی تو تشخیصی ٹیسٹنگ اور کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والا اہم سامان متاثر ہو سکتا ہے۔

وزارت کے مطابق، ایئر کینیڈا ریڈیوفارماسوٹیکلز اور آئسوٹوپس کی بڑی مقدار کی ترسیل کا ذمہ دار ہے۔ یہ ریڈیوآئسو ٹوپس اپنی انتہائی کم زندگی کے باعث جلد تحلیل ہو جاتے ہیں اور اپنی تاثیر کھو دیتے ہیں، جس سے کینسر کے مریضوں کے علاج میں رکاوٹ پیدا ہو سکتی ہے۔

ایئر کینیڈا نے تصدیق کی ہے کہ ہڑتال کے امکان کے پیشِ نظر تقریباً 500 پروازیں منسوخ کی جائیں گی جبکہ ہفتہ سے آپریشنز مکمل طور پر معطل ہو سکتے ہیں۔ اگرچہ مسافروں کیلئے ری فنڈ اور متبادل سفری سہولت موجود ہے، لیکن طبی سامان کی ترسیل کے متبادل انتظامات زیادہ مشکل ثابت ہو رہے ہیں۔

وزارتِ صحت نے بیان میں کہا“صحت کے حکام سپلائرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ اثرات کا اندازہ لگایا جا سکے۔ اب تک تین میں سے دو سپلائرز نے متبادل کیریئرز کا تعین کیا ہے۔”

یو بی سی کے آپریشنز اور لاجسٹکس کے پروفیسر مہیش نگرجن کا کہنا ہے کہ“اگرچہ رکاوٹیں ضرور آئیں گی، لیکن حکومت کے پاس متبادل منصوبے اور وسائل موجود ہیں جو اہم ادویات کو مطلوبہ مقام تک پہنچا سکتے ہیں۔”

بی سی کینسر نے ریڈیوفارماسوٹیکلز اور آئسوٹوپس پر اثرات کے بارے میں براہِ راست تبصرہ نہیں کیا، لیکن کہا کہ ان کی فارمیسی ڈویژن زیادہ تر ادویات زمین کے راستے وصول کرتی ہے۔ اب تک کسی بھی سپلائر نے ترسیل میں رکاوٹ کی اطلاع نہیں دی۔

وزارت صحت نے مزید کہا کہ ویکسینز کی ترسیل پر کوئی بڑا اثر متوقع نہیں، کیونکہ زیادہ تر ویکسینیں زمینی راستوں سے منتقل کی جاتی ہیں، جبکہ محدود مقدار ہوائی سفر کے ذریعے دیگر کیریئرز سے پہنچائی جا سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں