ایتھنز (خالد مغل سے)یونانی دارالحکومت ایتھنز کی فضا “فری فری فلسطین” کے نعروں سے گونج اٹھی، جہاں ہزاروں افراد نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف یونانی پارلیمنٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین ایتھنز کے مختلف علاقوں سے مارچ کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے سامنے جمع ہوئے۔ انہوں نے فلسطینی پرچم لہرا کر اور پلے کارڈز اٹھا کر اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرے میں بڑی تعداد میں بزرگ شہریوں نے بھی شرکت کی۔
مظاہرین نے عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو فوری طور پر جنگ بندی پر مجبور کیا جائے، غزہ میں خوراک اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جاری نسلی کشی بند کروائی جائے۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ ہزاروں فلسطینی بچے خوراک اور طبی سہولتوں کی کمی کے باعث موت کا شکار ہو چکے ہیں، اور جب تک اسرائیلی جارحیت ختم نہیں ہوتی، وہ دنیا بھر میں اسرائیل کے مظالم کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔


