ایرانی جوہری تنصیبات پر انٹیلی جنس رپورٹ ’غلط اور گمراہ کن ہے‘ — وائٹ ہاؤس

واشنگٹن(وائٹ ہاؤس، سی این این، امریکی دفاعی و انٹیلی جنس ادارے)وائٹ ہاؤس نے ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد سامنے آنے والی ابتدائی انٹیلیجنس رپورٹ کو “غلط اور گمراہ کن” قرار دیتے ہوئے اس کی اشاعت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے ایک باقاعدہ بیان میں کہا”یہ رپورٹ، جو کہ سی این این کو لیک کی گئی، درحقیقت ‘ٹاپ سیکریٹ’ نوعیت کی تھی۔ اسے جان بوجھ کر ایک نچلے درجے کے، ناکام انٹیلیجنس اہلکار نے افشا کیا تاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ساکھ کو نقصان پہنچایا جا سکے۔”

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ان بہادر امریکی پائلٹس کی قربانیوں کی توہین کی گئی ہے جنہوں نے ایران کے خلاف انتہائی حساس اور کامیاب مشن انجام دیا۔

سی این این کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکی حملے ایران کے جوہری پروگرام کو صرف چند ماہ کیلئےمؤخر کر سکے؛فردو، نطنز اور اصفہان میں زمین کے اوپر موجود عمارتوں کو نقصان پہنچا، جبکہ زیرزمین تنصیبات بڑی حد تک محفوظ رہیں؛یورینیم کی افزودگی کے ذخائر یا سنٹری فیوجز کو مکمل تباہ نہیں کیا گیا۔

وائٹ ہاؤس نے ان دعوؤں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ”جب آپ 30 ہزار پاؤنڈ وزنی 14 بم ایک مخصوص ہدف پر گراتے ہیں تو یہ جزوی نہیں، مکمل تباہی ہوتی ہے۔ رپورٹ میں جو نقصان ’جزوی‘ قرار دیا گیا ہے، وہ تکنیکی طور پر غلط فہمی یا بدنیتی پر مبنی ہے۔”

امریکی فوج اور انٹیلیجنس کا متضاد موقف
امریکی فوج نے آپریشن کو “منصوبے کے مطابق” اور “زبردست کامیابی” قرار دیا ہے، تاہم انٹیلیجنس کمیونٹی کے مختلف اداروں کے درمیان رپورٹ کے نتائج پر مکمل ہم آہنگی نہیں۔

ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ڈیفنس انٹیلیجنس ایجنسی (DIA) کا تجزیہ دیگر ایجنسیوں — جیسے سی آئی اے یا این ایس اے — کے جائزوں سے کس حد تک مختلف ہے۔

تنصیبات کو پہنچنے والا ممکنہ نقصان کے بارے ابتدائی انٹیلیجنس رپورٹ کے مطابق نقصان کا دائرہ توانائی کے انفراسٹرکچر، عمارتوں اور یورینیم کو دھاتی شکل میں تبدیل کرنے والی لیبارٹریز تک محدود رہا؛افزودہ یورینیم یا زیر زمین سنٹری فیوجز کو نقصان پہنچنے کی تصدیق نہیں ہو سکی؛امریکہ میں اس وقت انٹیلیجنس ادارے ایران کے اندر موجود ذرائع سے مزید معلومات اکٹھی کر رہے ہیں۔

وائٹ ہاؤس کا اصرار: مشن کامیاب تھا.پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے اختتام پر کہا”یہ مشن، جس میں امریکی پائلٹس نے اعلیٰ مہارت اور جرأت سے کام لیا، ایران کی جوہری صلاحیت کو فیصلہ کن دھچکا پہنچانے میں مکمل کامیاب رہا۔ جو عناصر اس کامیابی کو کمزور دکھانا چاہتے ہیں، وہ درحقیقت امریکی مفادات اور قومی سکیورٹی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔”

اپنا تبصرہ لکھیں