تل ابیب ( غیر ملکی خبر ذرائع)اسرائیلی وزیرِ ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ ایرانی میزائل حملوں کے خدشے کے پیش نظر اسرائیلی ایئر لائنز اپنے طیاروں کو دنیا کے مختلف ممالک منتقل کرنے کی تیاری کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے منصوبہ بندی پہلے سے موجود ہے اور ضرورت پڑنے پر فوری طور پر اس پر عمل کیا جائے گا۔
اسرائیلی وزیر کے مطابق کچھ طیارے پہلے ہی قبرص، ایتھنز، تھائی لینڈ، امریکا اور دیگر یورپی ممالک منتقل کیے جا چکے ہیں تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں نقصانات سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایال ضمیر نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کسی بھی ایسے دشمن کے خلاف کارروائی کیلئےمکمل طور پر تیار ہے جو ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈالے۔ جنوبی اسرائیل میں واقع نیواتیم ایئر بیس کے دورے کے دوران فضائیہ کے پائلٹس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج کسی بھی محاذ پر طاقتور حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ایال ضمیر نے بتایا کہ اسرائیلی فضائیہ کو مزید تین جدید ایف-35 جنگی طیارے موصول ہو گئے ہیں، جس کے بعد ان طیاروں کی مجموعی تعداد 48 ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جون میں ایران کے ساتھ ہونے والی 12 روزہ جنگ کے دوران فضائیہ نے بے مثال عملی تجربہ حاصل کیا، جس سے مستقبل میں کسی بھی ممکنہ جنگ کے لیے تیاری مزید مضبوط ہو گئی ہے۔
اسرائیلی فوج کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ فوج کسی بھی ممکنہ ’’اچانک جنگ‘‘ کے خدشے سے نمٹنے کیلئےبھی مکمل طور پر تیار ہے۔اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ برطانیہ نے اسرائیل کیلئے جاری سفری انتباہ میں نرمی کر دی ہے، تاہم غزہ، لبنان اور شام کی سرحدوں کے قریب سفر سے اب بھی گریز کا مشورہ دیا گیا ہے۔

