اصفہان(غیر ملکی خبر رساں ادارے) ایران کے صوبے اصفہان میں ایرانی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر پھلوں کی مارکیٹ پر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں پائلٹ، معاون پائلٹ اور دو دکاندار جاں بحق ہوگئے۔ایرانی میڈیا کے مطابق فوجی ہیلی کاپٹر پرواز کے دوران اچانک گر کر بازار کے علاقے میں آ گرا جس کے نتیجے میں موقع پر موجود افراد بھی زد میں آ گئے۔
رپورٹس کے مطابق حادثے سے قبل ہیلی کاپٹر میں آگ لگنے کی غیر مصدقہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، تاہم حکام نے اس حوالے سے باضابطہ تصدیق نہیں کی۔مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ جائے حادثہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

