نیویارک(ایجنسیاں)پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کا خاتمہ اور ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق تنازع کا حل صرف اور صرف سفارتکاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ“ہم چاہتے ہیں کہ ایران اور اسرائیل کے مابین ہونے والی جنگ بندی متاثر نہ ہو۔ یہ خطے کے امن اور استحکام کیلئےناگزیر ہے۔”
آئی اے ای اے کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں
پاکستانی مندوب نے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ“ایران کے جوہری پروگرام کے معاملے پر IAEA کو اپنی ذمہ داریاں اصل روح کے ساتھ ادا کرنی چاہئیں۔ یہ ادارہ عالمی اعتماد کی بنیاد ہے اور اسے فعال اور غیرجانبدار طریقے سے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔”
سفیر عاصم افتخار نے مزید کہا کہ“پاکستان نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر ایک واضح اور متوازن مؤقف اپنایا ہے۔ ہماری قیادت نے کشیدگی کے خاتمے کیلئےمتعدد علاقائی اور عالمی ممالک سے سفارتی رابطے کیے ہیں۔”
انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات کو اسرائیلی حملوں نے متاثر کیا۔ ان کا کہنا تھا“مذاکرات اور سفارتکاری ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہیں۔ ہمیں ایسے اقدامات سے گریز کرنا ہوگا جو مکالمے کو نقصان پہنچائیں اور خطے کو مزید عدم استحکام کی طرف لے جائیں۔”
پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کو روکنے اور جوہری تنازع کو سفارتی طریقے سے حل کرنے میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کرے۔

