ایران امریکا مذاکرات، ترکیہ میں عباس عراقچی اور اسٹیو وٹکوف کی ملاقات طے

استنبول(ایجنسیاں)ایران اور امریکا کے درمیان ترکیہ میں بالواسطہ مذاکرات شروع ہونے جا رہے ہیں، جس کیلئے دونوں ممالک کے نمائندوں کی ملاقات کا دن بھی طے کر لیا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی حکام نے بتایا ہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ اسٹیو وٹکوف کی ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات جمعہ کو استنبول میں ہوگی۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اسٹیو وٹکوف اور عباس عراقچی ممکنہ طور پر جوہری معاہدے اور دیگر اہم معاملات پر بات چیت کرینگے جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران پر معاہدہ کرنے کیلئے زور دیتے رہے ہیں، یہ ملاقات بھی اسی تناظر میں ہو رہی ہے۔ایک روز قبل امریکی ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا تھا کہ وہ امریکا سے جوہری معاہدے کے حوالے سے پُرامید ہیں تاہم امریکا پر اعتماد نہیں اور بات چیت مصالحت کار دوست ممالک کے ذریعے جاری ہے جبکہ بیلسٹک میزائل اور مزاحمتی تنظیموں کی حمایت ترک کرنا ناممکن ہے۔

اس سے قبل تہران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے کہا تھا کہ اگر امریکا نے جنگ شروع کی تو اس بار یہ علاقائی جنگ بن جائے گی اور اہلِ ایران صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہیں۔اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امید ہے جلد معاہدہ ہو جائے گا، اگر معاہدہ نہ ہوا تو پھر معلوم ہو جائے گا کہ خامنہ ای درست کہتے تھے یا نہیں، اور ظاہر ہے کہ وہ علاقائی جنگ کی بات کریں گے۔