ایران میں فسادات کے ذمہ دار امریکا اور اسرائیل ہیں:پروفیسر جیفری ساکس

واشنگٹن(ایجنسیاں)امریکا کی کولمبیا یونیورسٹی کے معروف پروفیسر جیفری ساکس نے ایران میں حالیہ فسادات کا ذمہ دار امریکا اور اسرائیل کو قرار دے دیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران میں ایک غیر معمولی، پُرتشدد اور سفاک کھیل جاری ہے، جبکہ خریدا ہوا اور جانبدار مین اسٹریم امریکی میڈیا یہ تاثر دیتا ہے کہ ایرانی حکومت نے معیشت پر کنٹرول کھو دیا ہے۔

پروفیسر جیفری ساکس کا کہنا تھا کہ امریکی میڈیا یہ حقیقت بیان نہیں کرتا کہ ایرانی معیشت کو تباہ کرنے والا دراصل امریکا ہے، ہمیشہ کی طرح عوام سے جھوٹ بولا جاتا ہے کہ ایرانی حکومت اپنے عوام پر ظلم کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور اسرائیل کا اصل مقصد ایرانی عوام کی زندگی کو زیادہ سے زیادہ بدتر بنانا ہے اور حتمی ہدف ایران میں رجیم چینج کرنا ہے۔

دوسری جانب بین الاقوامی امور کے ماہر سینیٹر مشاہد حسین سید نے جیفری ساکس کے بیان کو سراہتے ہوئے اسے شیئر کیا اور کہا کہ ایران کے حوالے سے مغربی میڈیا اس قدر کمزور، جعلی اور خریدا ہوا ہے کہ وہ سچ بتانے سے انکار کر رہا ہے۔