ایران میں فوجی حکمت عملی کا وینزویلا ماڈل ناکام ہوگیا:برطانوی اخبار

لندن (بین الاقوامی میڈیا)برطانوی اخبار کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران میں فوجی حکمت عملی کا وینزویلا ماڈل ناکام ہوگیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وینزویلا میں نائب صدر ڈیلسی روڈریگِز کو نیا رہنما بنانے کا ماڈل ٹرمپ کے نزدیک مؤثر سمجھا جاتا تھا۔

اخبار کے مطابق ٹرمپ نے ایران میں بھی اسی طرز پر قیادت میں مداخلت کی کوشش کی، تاہم ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے انتخاب نے ان کی یہ کوشش ناکام بنا دی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نوجوان خامنہ ای کو ہٹانے کی کوشش کرسکتا ہے جبکہ سابق شاہ ایران کے بیٹے رضا پہلوی کی قیادت کی خواہش کو وائٹ ہاؤس نے نظرانداز کردیا۔اخبار کے مطابق ایران میں کسی عملی شخصیت کے ذریعے امریکا کی حمایت یافتہ قیادت قائم کرنے کا کوئی واضح راستہ نظر نہیں آ رہا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران جنگ کے فوری معاشی اثرات بھی سامنے آئے ہیں، عالمی سطح پر تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے وائٹ ہاؤس پر داخلی سیاسی دباؤ بڑھ رہا ہے۔برطانوی اخبار کے مطابق ایران کے مذہبی اور عسکری ادارے اب بھی اقتدار پر مضبوط گرفت رکھے ہوئے ہیں۔