لندن(نامہ نگار)سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر حملہ کسی طور بھی انسانیت نہیں، اور پاکستان ہمیشہ ایران کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور کھڑا رہے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا”ہماری خوش قسمتی ہے کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے۔یہ طاقت کسی جارحیت کیلئے نہیں بلکہ امن قائم رکھنے کیلئے ہے۔”انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت علاقائی استحکام اور دفاعِ وطن کی ضامن ہے، اور دنیا کو اس حقیقت کا ادراک ہونا چاہیے کہ پاکستان نے ہمیشہ امن اور باہمی احترام کی بات کی ہے۔
ملک صحیح سمت میں گامزن ہے.نواز شریف نے مزید کہا کہ”وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نیک نیتی سے ملک کی خدمت کر رہے ہیں اور پاکستان آج جن مشکلات سے نکل رہا ہے، وہ سب کے سامنے ہے۔ملک ترقی کی راہ پر واپس آ چکا ہے، اور ہم واپسی کے سفر پر ہیں۔”
انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پنجاب کی ترقی میں وزیر اعظم شہباز شریف کا ہمیشہ کلیدی کردار رہا ہےجبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز ان کے ویژن کو مزید آگے بڑھا رہی ہیں۔عوامی ریلیف، صحت اور بجلی کے شعبے میں بہتری آرہی ہے.نواز شریف نے کہا کہ”وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دور میں صحت کے شعبے میں قابلِ قدر بہتری آئی ہےاور عوام کو ریلیف دینے کیلئے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جا رہی ہے۔ان اقدامات سے عوام کی روزمرہ زندگی میں واضح آسانیاں پیدا ہو رہی ہیں۔”

