تہران/یروشلم (ایجنسیاں)—ایران نے اسرائیل کے خلاف میزائل حملوں کی نئی لہر کا آغاز کر دیا ہے، جس کے بعد کئی اسرائیلی شہروں میں فضائی حملے کے سائرن بجائے گئے۔ شمالی شہر حیفہ میں میزائل حملے کے نتیجے میں 4اسرائیلی ہلاک اور 13 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے ’ارنا نیوز‘ کے مطابق، ایران نے اسرائیل پر 100 بیلسٹک میزائل داغے، جن میں ہائیپرسانک اور بیلسٹک میزائل شامل تھے۔ رپورٹس کے مطابق حیفہ شہر میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی گئیں۔
ایران کی فوجی تنظیم سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی (IRGC) نے تصدیق کی ہے کہ یہ حملے ایرو اسپیس فورس کی جانب سے کیے گئے ہیں اور ان کا تعلق فوجی آپریشن ’وعدہ صادق سوم‘ سے ہے۔ بیان کے مطابق یہ کارروائیاں اسرائیل کے حالیہ حملوں کے ردعمل میں کی جا رہی ہیں۔
اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی حملوں کے بعد کئی علاقوں میں سائرن بجا دیے گئے ہیں اور شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ محفوظ ٹھکانوں میں قیام کریں۔اسرائیلی چینل 13 کی رپورٹ کے مطابق ایرانی میزائلوں نے شمالی ساحلی شہر حیفہ اور قریبی علاقے تامر کو نشانہ بنایا ہے۔
الجزیرہ نے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز کی بنیاد پر تصدیق کی ہے کہ شمالی اسرائیل کے آسمان میں ایرانی کروز میزائل نظر آ رہے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی ایران نے اسی فوجی آپریشن کے تحت اسرائیل کے مختلف علاقوں پر میزائل حملے کیے تھے، جن میں تل ابیب میں اسرائیلی جوہری تحقیقی مرکز اور اسرائیلی ڈیفنس فورسز (IDF) کے ہیڈکوارٹرز شامل تھے۔
ان حملوں میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 8 اسرائیلی شہری ہلاک اور 183 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

