ریاض/میڈرڈ ( غیر ملکی میڈیا) عالمی شہرت یافتہ پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا نجی طیارہ ایرانی حملوں کے بعد سعودی عرب سے اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ روانہ ہو گیا۔
رپورٹس کے مطابق ریاض میں امریکی سفارت خانے پر حملے کے بعد 41 سالہ رونالڈو کا نجی طیارہ رات 8 بجے ریاض سے روانہ ہوا اور تقریباً 1 بجے میڈرڈ پہنچا۔ فلائٹ ٹریکر کے مطابق طیارہ مصر اور بحیرہ روم کے اوپر سے گزرتے ہوئے میڈرڈ پہنچا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی کلب النصر کے اسٹار فٹبالر کے نجی طیارے کی قیمت تقریباً 61 ملین پاؤنڈ بتائی گئی ہے۔خیال رہے کہ رونالڈو ریاض میں اپنی منگیتر جارجینا روڈریگز اور 5 بچوں کے ساتھ مقیم تھے، تاہم یہ تصدیق نہیں ہو سکی کہ خاندان پرواز میں موجود تھا یا نہیں۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق گزشتہ رات کے دوران سعودی عرب میں قائم امریکی سفارتی ہیڈکوارٹر پر دو ڈرون حملے کیے گئے، اور بحرین میں بھی ایک عمارت تباہ کر دی گئی۔دوسری جانب مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی چوتھے روز میں داخل ہو چکی ہے، جس کے باعث سینکڑوں غیر ملکی شہری خطے سے انخلاء کر رہے ہیں۔

