ایران کی پروازیں نہیں چل سکتیں تو کسی اور کی بھی نہیں چل سکیں گی: محمد مخبر

تہران (رائٹرز، ایرانی میڈیا) ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر محمد مخبر نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کو پروازیں چلانے اور ہوائی اڈوں کی خدمات حاصل کرنے سے روکا گیا تو خطے کے کسی دوسرے ملک کو بھی یہ سہولت حاصل نہیں ہوگی۔

محمد مخبر نے بیان میں کہا کہ خطے میں پروازوں کی اجازت یا تو سب کیلئے ہونی چاہیے یا کسی کیلئے نہیں، ایران کو پروازوں اور ہوائی اڈوں کی خدمات سے محروم کیا گیا تو خطے میں کسی دوسرے ملک کو بھی یہ سہولت حاصل نہیں ہوگی۔

ان کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی پابندیوں کے دباؤ کے بعد عراق کے بغداد، نجف، اربیل اور سلیمانیہ ہوائی اڈوں سمیت عمان اور متحدہ عرب امارات میں ایرانی فضائی کمپنیوں کی پروازوں اور خدمات پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

رائٹرز کے مطابق عراق کے نجف ہوائی اڈے نے ایران آنے اور جانے والی تمام پروازیں جمعہ سے غیر معینہ مدت کیلئے معطل کردی ہیں، جبکہ اربیل اور سلیمانیہ ہوائی اڈوں پر بھی ایرانی پروازیں روک دی گئی ہیں۔

اس سے قبل ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے بھی خبردار کیا تھا کہ جو ہمسایہ ممالک امریکی پابندیوں کے تحت ایرانی پروازیں روکیں گے، ان کے ہوائی اڈے ایران کے ساتھ پروازوں کیلئےکام نہیں کرسکیں گے۔