ممبئی(شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کے سپر اسٹار عامر خان نے معروف گلوکار اریجیت سنگھ سے درخواست کی ہے کہ وہ پلے بیک سنگنگ سے ریٹائر نہ ہوں اور ہندی فلموں کے لیے گانا جاری رکھیں۔گزشتہ ماہ اریجیت سنگھ نے پلے بیک سنگنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، جس نے مداحوں کو حیران اور افسردہ کر دیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق عامر خان نے اریجیت کو اپنا فیصلہ بدلنے کے لیے قائل کرنے کی کوشش کی۔
اطلاعات کے مطابق عامر خان خود مرشدآباد گئے، جہاں انہوں نے اپنے بیٹے جنید خان کی آنے والی فلم ’ایک دن‘ کا ٹائٹل ٹریک ریکارڈ کیا۔ اس موقع پر ایک ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں عامر خان اریجیت سے کہتے ہیں:
’’تم کوئی پروجیکٹ نہیں لے رہے؟ کچھ وقت کے لیے بریک لینا چاہتے ہو یا ہندی فلموں کے لیے گانا نہیں چاہتے؟ ایسا مت کرو یار، ہم لوگوں کا کیا ہوگا بھائی؟‘‘
ویڈیو میں اریجیت سنگھ عامر خان کا استقبال کرتے ہوئے ان کے پاؤں چھوتے اور گلے لگاتے ہیں، جبکہ پس منظر میں ’ایک دن‘ کا ٹائٹل ٹریک چل رہا ہے۔ ویڈیو میں دونوں پتنگ بازی کرتے، شطرنج کھیلتے اور موسیقی کے سیشنز سے لطف اندوز ہوتے دکھائے گئے ہیں۔
عامر خان کو اریجیت کے آبائی شہر میں فرش پر اپنی ٹیم کے ساتھ بیٹھے اور کھانے سے لطف اندوز ہوتے بھی دکھایا گیا ہے۔ بعد ازاں عامر خان اریجیت اور ان کی اہلیہ کے ساتھ خوشگوار گفتگو کرتے ہیں۔
“مداحوں کا ردعمل”
سوشل میڈیا پر ویڈیو کے کمنٹس میں صارفین نے کہا کہ ’’یہ دل کو چھو لینے والی ویڈیو مداحوں کو بھی متاثر کر گئی‘‘، ایک نے لکھا ’’کتنا خوبصورت گانا اور ویڈیو ہے‘‘، جبکہ کسی نے عامر خان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اریجیت سے کہا کہ وہ بالی ووڈ کے گانے نہ چھوڑیں۔

