ایسٹ سسیکس کی مسجد میں آتشزنی، پولیس کا تحقیقات کا آغاز

پیس ہیون (نمائندہ خصوصی) — برطانیہ کے علاقے ایسٹ سسیکس میں ایک مسجد کو نذرِ آتش کرنے کی کوشش کی گئی، پولیس نے واقعے کو نفرت انگیز جرم (ہِیٹ کرائم) قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

مسجد کے رضاکاروں کے مطابق، دو افراد نے مسجد میں داخل ہونے میں ناکامی پر مرکزی دروازے اور سامنے کھڑی کار پر کسی آتش گیر مادے کا چھڑکاؤ کرکے آگ لگادی۔رضاکاروں کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت مسجد کے اندر دو افراد موجود تھے جو بروقت باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔

سسیکس پولیس کے مطابق، ہفتے کی شب رات 9 بج کر 50 منٹ پر پیس ہیون میں ایمرجنسی کال موصول ہوئی، اطلاع دی گئی کہ مسجد کے دروازے کے سامنے ایک کار کو آگ لگادی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا تاہم علاقے میں گشت بڑھا دیا گیا ہے۔

ڈیٹکٹیو سپرنٹنڈنٹ کیری بوہنا نے کہا کہ پولیس مسلم کمیونٹی کے تحفظات سے آگاہ ہے اور عینی شاہدین سے رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے مزید کہا، “کاؤنٹی میں ایسے واقعات کی کوئی جگہ نہیں، نفرت انگیز جرائم سے متعلق زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔”

برطانوی میڈیا کے مطابق، مانچسٹر میں ایک یہودی عبادت گاہ پر حملے کے بعد ملک بھر میں مساجد، گرجا گھروں اور دیگر عبادت گاہوں کی سیکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں