دبئی(سپورٹس ڈیسک)ایشیا کپ 2025 کے 9ویں میچ میں بنگلہ دیش نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 8 رنز سے شکست دے دی۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش کے 155 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی پوری ٹیم 146 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ افغان اوپنر رحمٰن اللہ گرباز 35 اور عظمت اللہ عمرزئی 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بنگلہ دیش کے مستفیظ الرحمٰن نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم احمد، تسکین احمد اور راشاد حسین نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز اسکور کیے۔ اوپنر تنزید حسین نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 31 گیندوں پر 52 رنز بنائے، سیف حسن نے 30 اور توحید ہردوئے نے 26 رنز کی اننگز کھیلی۔ افغانستان کی جانب سے کپتان راشد خان اور نور احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس کامیابی کے بعد گروپ بی میں پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال مزید دلچسپ ہو گئی ہے۔ سری لنکا 2 میچز میں 4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست جبکہ بنگلہ دیش 3 میچز میں 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ افغانستان 2 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ گروپ بی سے سپر فور مرحلے میں رسائی کا فیصلہ 18 ستمبر کو افغانستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے میچ کے بعد ہوگا۔

