دبئی (اسپورٹس ڈیسک) – ایشیا کپ کے چھٹے میچ میں بھارت نے پاکستان کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ بھارت نے پاکستان کا 128 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 47 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ اوپنرز ابھیشک شرما اور تلک ورما نے بالترتیب 31، 31 رنز بنائے جبکہ شبمن گل 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تینوں وکٹیں پاکستان کے صائم ایوب کے حصے میں آئیں۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن ابتدا ہی سے دباؤ میں رہی۔ پاکستان کی پہلی وکٹ پہلی ہی گیند پر گری جب اوپنر صائم ایوب کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔ محمد حارث بھی اگلے اوور میں صرف 3 رنز بنا کر جسپریت بمراہ کا شکار بنے۔
فخر زمان اور صاحب زادہ فرحان نے بیٹنگ لائن کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم فخر 17 رنز بنا کر 45 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے۔ کپتان سلمان علی آغا 3 رنز، حسن نواز 5، محمد نواز بغیر کھاتہ کھولے، اور صفیان مقیم 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
صاحب زادہ فرحان نے 40 رنز بنا کر کچھ مزاحمت دکھائی جبکہ فہیم اشرف 11 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ شاہین شاہ آفریدی نے 16 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 33 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر اسکور 127 تک پہنچایا۔
بھارت کی جانب سے کلدیپ یادو نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اکشر پٹیل اور جسپریت بمراہ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔بھارت نے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے ایونٹ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی۔

