ایشیا کپ : سری لنکا کی شاندار کامیابی، بنگلہ دیش کو 6 وکٹوں سے شکست

ابو ظہبی (اسپورٹس ڈیسک) – ایشیا کپ کے پانچویں مقابلے میں سری لنکا نے بنگلہ دیش کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق ابو ظہبی کے شیخ زاہد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے۔ ٹاپ آرڈر کے جلدی آؤٹ ہونے کے بعد لوئر مڈل آرڈر نے سری لنکن باؤلرز کے خلاف جم کر بیٹنگ کی۔

جاکر علی 41 اور شمیم حسین 42 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور دونوں کی شراکت نے ٹیم کو قابلِ دفاع مجموعے تک پہنچایا۔ سری لنکا کے اسپنر وانندو ہسارنگا نے دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ دشمانتا چمیرا اور نوان توشارا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کے بیٹرز نے جارحانہ آغاز کیا اور 140 رنز کا ہدف 15ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ پاتھم نیسانکا نے شاندار نصف سنچری اسکور کی جب کہ کامل میشارا 46 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلہ دیش کے مہدی حسن نے دو، جب کہ تنظیم حسن اور مستفیظ الرحمٰن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس کامیابی کے بعد سری لنکا نے ایونٹ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی۔

اپنا تبصرہ لکھیں