ایشیا کپ سپر فور راؤنڈ: بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

دبئی(سپورٹس ڈیسک)ایشیا کپ سپر فور راؤنڈ کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ سری لنکا نے بنگلہ دیش کو 169 رنز کا ہدف دیا، جسے بنگال ٹائیگرز نے 6 وکٹوں کے نقصان پر ایک گیند قبل ہی حاصل کر لیا۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگال ٹائیگرز کے سیف حسن نے 61 اور توحید ہردوئے نے 58 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ لٹن داس نے 23 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔

سری لنکا کی جانب سے داسن شناکا اور وانندو ہاسارنگا نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے، جس میں داسن شناکا 64 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں رہے۔ کوسال مینڈس 34، پاتھم نیسانکا 22، کوسال پاریرا 16 اور کمل مشارا 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مستفیظ الرحمٰن نے 19 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، مہدی حسن نے 2 اور تسکین احمد نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔

خیال رہے کہ سپر فور راؤنڈ کا دوسرا مقابلہ 21 ستمبر کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔بنگلہ دیش کی یہ جیت سپر فور راؤنڈ کے آغاز میں ٹیم کیلئےحوصلہ افزا ہے اور ایشیا کپ کے مزید سنسنی خیز مقابلوں کی توقع پیدا کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں