ایشیا کپ فائنل: بھارت نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے ہراکر کر نویں بار ٹائٹل جیت لیا

دبئی(نمائندہ خصوصی)ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر نواں ایشین ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ پاکستان کی ٹیم 146 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی.جواب میں بھارت نے ہدف 2 گیندیں قبل حاصل کیا۔ تلک ورما ناقابل شکست نصف سنچری کے ساتھ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے ٹاس جیتنے کے بعد پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی ٹیم 19.1 اوورز میں 146 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ ٹاپ آرڈر بیٹر صاحبزادہ فرحان نے 35 گیندوں پر 57 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ فخر زمان نے 35 گیندوں پر 46 رنز اسکور کیے۔ دیگر بلے باز بھارتی باؤلرز کا جم کر مقابلہ نہ کرسکے۔ صائم ایوب 14، کپتان سلمان علی آغا 8 اور محمد حارث بغیر رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

بھارتی باؤلرز میں کلدیپ یادو سب سے نمایاں رہے، جنہوں نے 30 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اکثر پٹیل، وارون چکراورتی اور جسپریت بمراہ نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

ہدف کے تعاقب میں بھارت کے اوپنر ناکام ثابت ہوئے۔ ابھیشک شرما 5، شبمن گل اور کپتان سوریا کمار یادو ایک ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تاہم مڈل آرڈر بیٹر تلک ورما نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔ انہوں نے ناقابل شکست 69 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 3 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔

تلک ورما نے سنجو سیمسن (24) اور شیوم دھوبے (33) کے ساتھ قیمتی شراکتیں قائم کیں۔ بھارت نے 20ویں اوور میں ہدف حاصل کرلیا اور 5 وکٹوں سے کامیابی سمیٹی۔

پاکستان کی طرف سے فہیم اشرف نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ابرار احمد اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ فاسٹ باؤلر حارث رؤف مہنگے ترین باؤلر ثابت ہوئے، انہوں نے 3.4 اوورز میں 50 رنز دیے اور کوئی وکٹ نہ لے سکے۔

فائنل میں بھارتی آل راؤنڈر ہاردیک پانڈیا انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہوئے اور ان کی جگہ رنکو سنگھ کو شامل کیا گیا۔ پاکستان نے بغیر تبدیلی کے اپنی ٹیم میدان میں اتاری۔

بھارت نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایشیا کپ 2025 جیت لیا۔ یہ بھارت کا نواں ایشیا کپ ٹائٹل ہے، جس میں تلک ورما کی نصف سنچری فتح کا بنیادی سبب بنی۔

اپنا تبصرہ لکھیں