دبئی (نمائندہ خصوصی) — ایشیا کپ 2025 کے آغاز سے قبل دبئی میں منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس میں پاکستان اور بھارت کے کپتانوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ٹی20 فارمیٹ میں کوئی بھی ٹیم فیورٹ نہیں ہوتی کیونکہ کھیل کے ایک یا دو اوورز ہی پورا میچ بدل سکتے ہیں۔
ایشین کرکٹ کونسل (ACC) کے صدر اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ایشیا کپ کی ٹرافی کی رونمائی کی، جس کے بعد تمام شریک ٹیموں کے کپتانوں نے میڈیا سے گفتگو کی۔
قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا”ہماری ٹیم نے حالیہ چار میں سے تین سیریز جیتی ہیں، اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ ایشیا کپ ایک بڑا چیلنج ہے لیکن ہم مکمل طور پر تیار ہیں۔”انہوں نے مزید کہا کہ یو اے ای میں کھیلنا پاکستان کے لیے کوئی خاص ایڈوانٹیج نہیں مگر یہاں کے حالات سے واقفیت ضرور ہے کیونکہ کئی پی ایس ایل میچز یہیں کھیلے گئے ہیں۔
بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے کہا”ٹی20 فارمیٹ میں کوئی بھی ٹیم کمزور نہیں۔ یہ وہ فارمیٹ ہے جہاں چھوٹی ٹیم بھی بڑی ٹیم کو حیران کرسکتی ہے۔”جب ان سے سوال کیا گیا کہ بھارت فیورٹ ٹیم ہے تو انہوں نے مسکرا کر جواب دیا”آپ کو کس نے کہا کہ بھارت فیورٹ ہے؟”
“دیگر کپتانوں کے خیالات”
ہانگ کانگ کے کپتان یاسم مرتضیٰ نے کہا کہ “ہم سخت محنت کے بعد یہاں پہنچے ہیں، شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔”
عمان کے کپتان جتندر سنگھ نے کہا کہ “پہلی بار ایشیا کپ کھیل رہے ہیں لیکن تین ورلڈ کپ کھیلنے کا تجربہ ہمارے ساتھ ہے۔”
بنگلہ دیش کے کپتان لٹن داس کے مطابق “تمام ٹیموں کی تیاری مکمل ہے، ہر میچ میں سخت مقابلہ ہوگا۔”
افغانستان کے کپتان راشد خان نے کہا”ہم پریشر نہیں لیں گے، جیسا ہمیشہ آسان رکھ کر کھیلتے ہیں ویسا ہی کریں گے۔ محنت کے ساتھ نتائج خود بخود آئیں گے۔”

