ایشیا کپ: پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دے دی، فائنل بھارت سےہوگا

دبئی(سپورٹس ڈیسک+ کرک انفو)ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے کے اہم ترین میچ میں پاکستان نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو 11 رنز سے شکست دے دی اور فائنل کیلئےکوالیفائی کر لیا۔فائنل میں پاکستان کا مقابلہ بھارت سے 28 ستمبر کو ہوگا، جو مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔

دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ سپر فور کے میچ میں پاکستان کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے، محمد حارث 31 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ محمد نواز نے 25 اور فہیم اشرف نے 14 رنز اسکور کیے۔

پاکستان نے ہدف کے دفاع میں تباہ کن باؤلنگ سے آغاز کیا اور ایک رنز پر ہی پہلی وکٹ حاصل کر لی، جب شاہین آفریدی نے پرویز حسین کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بنگلہ دیشی بیٹرز پاکستان باؤلرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور وقفے وقفے سے ان کی وکٹیں گرتی رہیں۔

شمیم حسین 30 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ سیف حسین 18، نور الحسن اور رشاد حسین نے 16، 16 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنا سکی، یوں پاکستان نے میچ میں 11 رنز سے کامیابی حاصل کر کے ایشیا کپ کے فائنل کیلئےکوالیفائی کر لیا۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ صائم ایوب نے 2 اور محمد نواز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بنگلہ دیش کے مستقل کپتان لٹن داس کی غیر موجودگی میں کپتانی کے فرائض انجام دینے والے جاکر علی نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے صاحبزادہ فرحان صرف 4 رنز ہی بناسکے۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنے والے صائم ایوب ایک بار پھر کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے اور ایشیا کپ میں چوتھی بار صفر پر آؤٹ ہوئے۔

فخر زمان بھی بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور 20 گیندوں پر 13 رنز اور حسین طلعت 3 رنز بناکر رشاد حسین کا شکار ہوئے جبکہ کپتان سلمان آغا 19 رنز بنا کر مستفیض الرحمٰن کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان کو چھٹا نقصان 14ویں اوور میں 71 رنز پر ہوا، جب شاہین شاہ آفریدی بڑی ہٹ مارنے کی کوشش میں 19 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

بنگلہ دیش کے تسکین احمد نے 3 وکٹیں حاصل کیں، رشاد حسین اور مہدی حسن نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مستفیض الرحمٰن ایک وکٹ لے سکے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کیلئےیہ میچ سیمی فائنل کی حیثیت اختیار کر گیا تھا، جیتنے والی ٹیم فائنل میں بھارت کا مقابلہ کرے گی۔ پاکستان نے سپر فور مرحلے میں بھارت سے پہلا میچ ہارنے کے بعد سری لنکا کو شکست دی تھی، جب کہ بنگلہ دیش نے سری لنکا کو پہلے میچ میں ہرایا، تاہم بھارت کے ہاتھوں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اپنا تبصرہ لکھیں