ایشیا کپ 2025: افغانستان کو شکست، سری لنکا سپر فور میں پہنچ گیا

ابو ظبی (اسپورٹس ڈیسک)ایشیا کپ 2025 کے گروپ بی کے اہم میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سپر فور میں جگہ بنا لی، جبکہ افغان ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔

ابو ظبی میں کھیلے گئے گروپ بی کے آخری میچ میں افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ افغان ٹیم نے ابتدائی بیٹرز کے جلد آؤٹ ہونے کے باوجود محمد نبی کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔ محمد نبی نے صرف 22 گیندوں پر 60 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 6 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔ کپتان راشد خان نے 24 اور ابراہیم زدران نے بھی 24 رنز اسکور کیے۔

سری لنکا کی جانب سے نوان تُشارا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ دشمانتھا چمیرا، دونِتھ ویلا لاگے اور داسن شناکا نے ایک، ایک وکٹ لی۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 19ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ کوشل مینڈس نے 52 گیندوں پر 74 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جس میں 10 چوکے شامل تھے۔ کوشل پریرا نے 28 اور کامندو مینڈس نے 26 رنز اسکور کیے۔

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمٰن، عظمت اللہ عمرزئی، محمد نبی اور نور احمد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس کامیابی کے بعد سری لنکا اور بنگلہ دیش نے گروپ بی سے سپر فور میں رسائی حاصل کر لی۔ گروپ اے سے پاکستان اور بھارت پہلے ہی سپر فور میں پہنچ چکے ہیں، بھارت اپنا آخری گروپ میچ کل عمان کے خلاف کھیلے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں