ایشیا کپ 2025: پاکستان نے عمان کو 93 رنز سے شکست دے دی

دبئی (اسپورٹس ڈیسک) ایشیا کپ 2025 کے چوتھے میچ میں پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمان کو 93 رنز کے بڑے فرق سے شکست دے دی۔ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں عمان کی ٹیم 161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 67 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

عمان کے حمزہ مرزا 27 رنز بنا کر نمایاں رہے، عامر کلیم نے 13 اور شکیل احمد نے 10 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے صفیان مقیم، صائم ایوب اور فہیم اشرف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد نواز، ابرار احمد اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔ ٹاپ آرڈر بلے باز محمد حارث 66 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 7 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔ صاحب زادہ فرحان نے 29 اور فخر زمان نے 23 رنز اسکور کیے۔ عمان کی جانب سے شاہ فیصل اور عامر کریم نے تین، تین وکٹیں اپنے نام کیں۔

پاکستان اس فتح کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر مستحکم پوزیشن میں آ گیا ہے اور اب اپنا دوسرا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف 14 ستمبر کو دبئی میں کھیلے گا، جس کا شائقین کرکٹ کو بے چینی سے انتظار ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں