دبئی(نمائندہ خصوصی/ اے ایف پی)پاکستان نے ایشیا کپ 2025 کے 10ویں میچ میں متحدہ عرب امارات کو 41 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے میں رسائی حاصل کر لی۔ اگلے مرحلے میں قومی ٹیم کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے 21 ستمبر کو شیڈول کر دیا گیا ہے۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے۔ فخر زمان نے شاندار نصف سنچری اسکور کی، انہوں نے 36 گیندوں پر 50 رنز بنائے جس میں 2 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ شاہین شاہ آفریدی نے اختتامی اوورز میں برق رفتار 29 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو لڑنے کے قابل اسکور تک پہنچایا۔
پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر مشکلات کا شکار رہی، اوپنر صائم ایوب صفر پر آؤٹ ہوئے جو ان کا مسلسل تیسرا ’ڈک‘ ہے۔ صاحب زادہ فرحان نے 5، کپتان سلمان علی آغا نے 20، حسن نواز نے 3، خوشدل شاہ اور محمد نواز نے 4،4 رنز اسکور کیے۔ محمد حارث نے 14 گیندوں پر 18 رنز بنائے۔
یو اے ای کی جانب سے جنید صدیق نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے صرف 18 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سمرنجیت سنگھ نے 3 کھلاڑی آؤٹ کیے۔
ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی پوری ٹیم 105 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ راہول چوپڑا نے 35 اور دورو پراشار نے 20 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے ابرار احمد، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی نے 2،2 وکٹیں جبکہ صائم ایوب اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس میچ کے آغاز میں ایک گھنٹے کی تاخیر ہوئی، پی سی بی کی جانب سے میچ ریفری کو ہٹانے اور آئی سی سی سے مذاکرات کے بعد میچ کا آغاز ممکن ہوا۔
پاکستان نے اس کامیابی کے ساتھ ایشیا کپ 2025 کے سپر فور میں جگہ بنا لی اور اب شائقین کرکٹ کو 21 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کے ساتھ ایک اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

