نیویارک (رائٹرز) – ایمیزون کی کلاؤڈ سروسز یونٹ، اے ڈبلیو ایس، پیر کے روز تعطل کا شکار ہو گئی، جس کے باعث دنیا بھر کی کئی کمپنیوں کو کنیکٹیوٹی کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ اس تعطل سے فورٹ نائٹ، اسنیپ چیٹ، روبلوکس، کلیش روائل، کلیش آف کلنز سمیت متعدد معروف ویب سائٹس اور ایپس متاثر ہوئیں۔
رائٹرز کے مطابق، اے ڈبلیو ایس نے اپنی اسٹیٹس ویب سائٹ پر اپ ڈیٹ میں بتایا کہ امریکا کے مشرقی خطے (یوایس-ایسٹ-ون) میں متعدد سروسز کیلئے ’ایرر ریٹس اور لیٹنسی میں اضافہ‘ ہوا ہے۔
اے آئی اسٹارٹ اپ پرپلکسی، کرپٹو کرنسی ایکسچینج کوائن بیس اور ٹریڈنگ ایپ رابن ہڈ نے اس تعطل کی ذمہ داری اے ڈبلیو ایس پر عائد کی۔ پرپلکسی کے سی ای او اروند سرینیواس نے ایکس پر کہا: ’پرپلکسی اس وقت بند ہے، اس کی بنیادی وجہ اے ڈبلیو ایس میں خرابی ہے، ہم اسے ٹھیک کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں۔‘
اے ڈبلیو ایس کمپنیوں، حکومتوں اور انفرادی صارفین کو کمپیوٹنگ پاور، ڈیٹا اسٹوریج اور دیگر ڈیجیٹل خدمات فراہم کرتا ہے، اور اس کے سرورز میں خرابی آنے سے وہ تمام ویب سائٹس اور پلیٹ فارمز متاثر ہوتی ہیں جو اس کی کلاؤڈ انفرااسٹرکچر پر انحصار کرتے ہیں۔ اے ڈبلیو ایس کا مقابلہ گوگل اور مائیکروسافٹ کی کلاؤڈ سروسز سے ہے۔
ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق امیزون ڈاٹ کام، پرائم ویڈیو، الیکسا اور پے پال کی سروس وینمو بھی متاثر ہوئی۔ اسی دوران گیمنگ ویب سائٹس فورٹ نائٹ، روبلوکس، کلیش روائل اور کلیش آف کلنز بند رہیں، جبکہ مالیاتی پلیٹ فارمز میں وینمو اور چائم کو مسائل درپیش آئے۔ اوبر کی حریف کمپنی لفٹ کی ایپ بھی امریکا میں ہزاروں صارفین کیلئےغیر فعال رہی۔
میسجنگ ایپ سگنل کی صدر میرڈتھ وٹیکر نے بھی ایکس پر تصدیق کی کہ ان کا پلیٹ فارم بھی اے ڈبلیو ایس کے تعطل سے متاثر ہوا۔اے ڈبلیو ایس اور امیزون نے اس معاملے پر فوری تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔

