نئی دہلی (اسپورٹس ڈیسک/بھارتی میڈیا رپورٹس) بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کو ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے مینٹورشپ کی ابتدائی پیشکش کی ہے۔ اگر دھونی یہ ذمہ داری قبول کر لیتے ہیں تو امکان ہے کہ انہیں مستقبل میں تمام فارمیٹس کا مینٹور مقرر کیا جا سکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دھونی فی الحال اس ذمہ داری کو قبول کرنے پر آمادہ نہیں ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انکار کی بنیادی وجہ بھارتی ٹیم کے موجودہ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر ہیں، کیونکہ دھونی نہیں چاہتے کہ جب تک گمبھیر تینوں فارمیٹس کے ہیڈ کوچ کے طور پر ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں وہ مینٹورشپ کی کرسی سنبھالیں۔
اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھونی اور گمبھیر کے درمیان پرانے اختلافات ہیں اور دھونی اس صورتحال سے بچنا چاہتے ہیں جہاں ان کی حیثیت اور گمبھیر کے کردار میں ٹکراؤ یا تناؤ پیدا ہو۔
واضح رہے کہ 2021 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران بھی دھونی کو محض اسی ایونٹ کے لیے مینٹور بنایا گیا تھا، لیکن بی سی سی آئی کی حالیہ پیشکش اس سے کہیں زیادہ وسیع اور طویل المدتی ہے۔
بی سی سی آئی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ دھونی کو ایک بار پھر بھارتی کرکٹ کا مینٹور بننے کی دعوت دی گئی ہے۔ بورڈ کا موقف ہے کہ بھارت کے سب سے کامیاب کپتان کی حیثیت سے دھونی کا تجربہ نئی نسل کے کھلاڑیوں کی رہنمائی اور ٹیلنٹ نکھارنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔
اگر دھونی اور بورڈ کے درمیان یہ معاہدہ طے پا گیا تو یہ دھونی کی 2020 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھارتی ٹیم کے آفیشل سیٹ اپ میں پہلی طویل المدتی واپسی ہوگی۔

