اوٹاوا (نمائندہ خصوصی) — رکن پارلیمنٹ سلمیٰ زاہد نے ہاؤس آف کامنز میں خطاب کرتے ہوئے فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ عالمی برادری کو غزہ میں جاری نسل کشی اور مغربی کنارے پر غیر قانونی قبضے کے خلاف مؤثر کارروائی کرنی چاہیے۔
اپنے بیان میں سلمیٰ زاہد نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ کینیڈا واضح موقف اختیار کرے اور ایک مستقل جنگ بندی، ہنگامی انسانی امداد، دوطرفہ اسلحہ پابندی (Two-way Arms Embargo) اور نسل کشی کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے اقدامات کی حمایت کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں انسانی بحران بدترین سطح پر پہنچ چکا ہے اور مغربی کنارے پر غیر قانونی قبضہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، جسے مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا۔سلمی زاہد نے عالمی برادری اور کینیڈا کی حکومت پر زور دیا کہ وہ انصاف، انسانی حقوق اور پائیدار امن کیلئے عملی اقدامات کریں تاکہ فلسطینی عوام کو ان کے بنیادی حقوق دلائے جا سکیں۔

