اینژین دو پواترین نے 30 ہزار ڈالر کا پولارس موسیقی انعام جیت لیا

ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی) کیوبیک کی پراسرار راک جوڑی اینژین دو پواترین نے 2026 کا پولارس موسیقی انعام جیت لیا۔ٹورنٹو کے میسی ہال میں منعقدہ تقریب میں جوڑی کے البم ’’وولیم ٹو‘‘ کو سال کا بہترین کینیڈین البم قرار دیا گیا، جس پر اسے 30 ہزار ڈالر کا انعام دیا گیا۔

اینژین دو پواترین نے ’’فیبینک‘‘ گانے پر دس ہزار ڈالر کا ساکان پولارس گیت انعام بھی جیت لیا۔

اس سال پولارس موسیقی انعام کیلئے شارلٹ کارن فیلڈ، بیورلی گلین کوپلینڈ، اکوا کلچر، بیگونیا، بی بی کلب، روچیل جارڈن، لے لوآنژ، پیچز اور تانیا تاگک سمیت 10 فنکار اور گروپس حتمی فہرست میں شامل تھے۔

پولارس کے مطابق فاتح کا انتخاب 205 رکنی جیوری نے موسیقی کے ماہرین اور ناقدین پر مشتمل مختلف مراحل میں ووٹنگ کے ذریعے کیا۔اینژین دو پواترین کی کامیابی کے ساتھ ’’دی واچ مین‘‘ اور مرحوم ولی ڈن کے البمز کو بھی 2026 کے پولارس ہیریٹیج انعام سے نوازا گیا۔